بنگلورو،20؍نومبر(ایس او نیوز) ریاست کے مرکز اقدار ودھان سودھا میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر بضد وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ شہر کے محکمۂ اطلاعات کے دفتر میں قائم مہاتما گاندھی میڈیا سنٹر کا استعمال صحافی اپنی سرگرمیوں کے لئے کرسکتے ہیں۔ روزانہ ریاستی وزراء بھی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے اس دفتر پہنچیں گے اور اخباری کانفرنس وغیرہ کا اہتمام اسی مرکز میں کیاجائے گا۔
آج 3.6کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی کابینہ میں انہوں نے یہ ہدایت دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وزراء کی طرف سے ہر اخباری کانفرنس کا اہتمام صرف محکمۂ اطلاعات کے مہاتما گاندھی میڈیا سنٹر میں ہی کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ میڈیا سنٹر ایک بہترین ایل ای ڈی وال ، تین ایل ای ڈی اسکرین ، صحافیوں کے بیٹھنے کے لئے 125کرسیوں کا انتظام وغیرہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایاکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ودھان سودھا کی سخت سیکورٹی کے سبب صحافیوں کو یہاں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔ ان دشواریوں سے صحافیوں کو بچانے کے لئے حکومت نے وارتا سودھا میں مخصوص میڈیا سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمۂ اطلاعات میں آسامیوں کو پر کرنے کے لئے ایم آر سرینواس مورتی کی سفارشات نافذ کی جائیں گی۔ اس موقع پر محکمۂ اطلاعات کے ڈائرکٹر این آر وشو کمار نے میڈیا سنٹر کے بارے میں تفصیلات پیش کیں اور محکمے میں عملے کی کمی کے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگاہ کرایا۔